Saturday, 20 April 2024, 02:50:16 am
وزیراعظم کا پاکستان کی بھرپور مدد کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ
September 27, 2022

وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی کے لئے پاکستان سے بھرپور تعاون کرنے پر سعودی عرب کی قیادت اور لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج (منگل)اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے خادمین حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔وزیراعظم نے ولی عہد کے ساتھ ٹیلی فون پر اپنی حالیہ گفتگو کے بارے میں یاد دلایا اور کہا کہ دونوں کی مشترکہ خواہش ہے کہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم ہو۔وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھنے کے عمل کو برقرار رکھنے کے لئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تبادلوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔شہبازشریف نے امدادی کوششوں میں سعودی عرب کے سفیر کے اہم کردار کو بھی سراہا جنہوں نے خود سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔