Saturday, 20 April 2024, 07:52:19 am
پاکستان اردن کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: آرمی چیف
January 28, 2021

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اردرن کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاک فوج اردن کی مسلح افواج کے ساتھ دفاع اور سلامتی کے تعاون میں اضافہ کی خواہاں ہے۔وہ اردن کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین میجر جنرل یوسف احمد AL-HNAITY سے بات چیت کررہے تھے جنہوںنے راولپنڈی میں ان سے ملاقات کی۔فریقین نے ملاقات میں باہمی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔معزز مہمان نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور علاقائی امن وسلامتی کے لئے جاری کوششوں کو سراہا۔ادھر اردن کی مسلح افواج کے جائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین نے راولپنڈی میں جائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز میں جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ندیم رضا سے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور اوردونوں ملکوں کے درمیان سلامتی اور دفاعی تعاون مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔فریقین نے موجودہ بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔میجر جنرل یوسف احمد AL-HNAITY نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ا ن کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔