Friday, 19 April 2024, 08:32:21 am
بھارت نے جبروتشدد کی تمام حدود عبور کرکے خطے میں دہشت کا ماحول بنا دیا ہے:سردار عبدالقیوم خان نیازی
August 29, 2021

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں جبر و تشدد کی تمام حدود کو عبو ر کر کے خطے میں دہشت کا ماحول بنا دیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وفاقی دارالحکومت میں ان سے ملاقات کی۔دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور، آزاد جموں و کشمیر میں ترقی کی منصوبہ بندی اور بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار عبدالقیوم خان نیازی نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔آزاد کشمیر میں ترقی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کی سماجی و معاشی حالت میں بہتری کے لئے جامع ترقیاتی پروگرام کا جلد آغاز کیا جائے گا۔وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔