Saturday, 20 April 2024, 08:31:37 am
پاکستان ملکی سطح پر کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی سازوسامان تیار کر رہا ہے،زبیدہ جلال
April 29, 2020

دفاعی پیداوار کی وزیر زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ پاکستان ملکی سطح پر کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی سازوسامان تیار کر رہا ہے جن میں سینیٹائزر، فیس شیلڈز، عینکیں اور حفاظتی لباس شامل ہیں۔ریڈیوپاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس چارہزار لیٹریومیہ سینیٹائزر تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ ہم بڑی مقدار میں پی کے 95 ماسک بھی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی کے 95 ماسک چین کے تیار کردہ N-95 ماسک کے برابر موثر ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کام کارپوریشن نے 171 وینٹی لیٹرز کو فعال کر دیا ہے جو مختلف سرکاری ہسپتالوں میں غیرفعال پڑے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک امریکی کمپنی نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کام کارپوریشن کے اشتراک سے وینٹی لیٹرز تیار کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں۔زبیدہ جلال نے کہا کہ ہم نے واک تھرو گیٹس بھی بنائے ہیںا ور تھرمل کیمروں کی تیاری کے لئے کام جاری ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت کے تحت بنائی جانیوالی تمام اشیاء ناگہانی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کو فراہم کر کر دی گئی ہیں تاکہ انہیں صوبوں میں تقسیم کئے جا سکے۔حکومت لاک ڈاؤن حکمت عملی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں زبیدہ جلال نے کہا کہ پاکستان کی پچاس فیصد سے زائد آبادی دیہات میں رہتی ہے جہاں مکمل لاک ڈاؤن کا نفاذ ممکن نہیںہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مستحق خاندانوں کی مدد کے لئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقد امداد کی تقسیم میں شفافیت کو مکمل طور پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں دفاعی پیداوار کی وزیر نے کہا کہ ایران سے آنے والے پاکستانی زائرین کی سہولت کیلئے تفتان سرحد پر مناسب نظام قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی ترسیل کے پیش نظر ایران کے ساتھ پاکستان کی سرحد ہفتے میں تین روز کھولی جائے گی اور اس دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے مکمل حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے تاکہ رمضان المبارک کے دوران علاقے کے عوام کو سہولت پہنچائی جا سکے۔وفاقی وزیر نے عوام سے بلوچی زبان میں بھی اپیل کی کہ وہ خود کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے اور اس وباء کو پھیلانے سے روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔