Saturday, 20 April 2024, 06:01:58 pm
پاکستان افغانستان میں کسی گروپ کی حمایت نہیں کر رہا:فواد
July 30, 2021

اطلاعات و نشریات کے وزیر چوہدری فواد حسین نے زور دے کر کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں کسی گروپ کی حمایت نہیں کر رہا۔پاک افغان یوتھ فورم کے زیراہتمام آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ماحول اور صورتحال تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس میں افغانستان کے تمام گروپس مل جل کر مشترکہ حکومت بناسکیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مستحکم حکومت اور پرامن معاشرے کے قیام کا صرف یہی راستہ ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ افغانستان میں ایسا کوئی گروپ نہیں جو پورے افغانستان پر کنٹرول حاصل کرسکے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ خطے کے مضبوط اقتصادی مستقبل کا انحصار پرامن اور مستحکم افغانستان پر منحصر ہے اور ہماری تمام تر کوششیں اسی سمت میں ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی اور ان کے ساتھ مضبوط مواصلاتی روابط چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی ازبکستان کے ساتھ ریل منصوبے پر دستخط کرچکا ہے جو افغانستان سے گزرے گا۔