Tuesday, 23 April 2024, 10:08:26 pm
صدرکاٹیکس چوری کی روک تھام کیلئےجدید ترین ٹیکنالوجی کےاستعمال پرزور
July 30, 2021

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹیکس چوری کی روک تھام کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔آج اسلام آباد میں ٹیکس دہندگان کے لئے آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری ملک کے لئے زہر ہے اور اس کی وجہ بدعنوانی ہے جس سے قوم ناکام ہوجاتی ہے۔صدر نے زور دیا کہ ملک کے معاملات چلانے کے لئے ٹیکس ادائیگی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح تقریباً دس فیصد ہے جو کہ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہمیں قرضے لینے پڑتے ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں ٹیکس ادائیگی کے جذبے کی کمی ہے اور وہ ٹیکس نہ ادا کرنے کے لئے مختلف بہانے پیش کرتے ہیں۔صدر عارف علوی نے کہا کہ اہل افراد کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کے لئے ایف بی آر اور نادرا کے پاس اعداد و شمار موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں خامیوں کا بھی حل نکالنا ہوگا۔