Thursday, 28 March 2024, 09:54:53 pm
پاکستان، قازخستان مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے مزید فروغ دینے کے لئے کوشاں ہیں , سفیرقازخستان
October 30, 2021

اسلام آباد میں قازخستان کے سفیرYERZHAN KISTAFIN نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازخستان کے درمیان شاندار سفارتی تعلقات قائم ہیں جنہیں مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے مزید فروغ دیا جاسکتاہے۔ریڈیو پاکستان کے پروگرام ”ڈپلومیٹک سیشن“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان وسیع سیاسی رابطے ہیں اور ان روابط کی باہمی تجارت اور تجارتی تعلقات میں عکاسی ہونی چاہیے۔

سفیر نے کہا کہ ہمیں ٹرانسپورٹ‘ رسل و رسائل اور اقتصادی تعاون کے شعبوں پر بھی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قازخستان دنیا کا سب سے بڑا ایسا ملک ہے جس کی کوئی سرحد سمندر سے نہیں ملتی اور ہم بہت اچھی طرح علاقائی روابط کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔

سفیرنے کہا کہ افغانستان میں اگر امن و استحکام قائم ہو جائے تو وہ وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان علاقائی تجارتی راہداری کامرکز بن سکتا ہے۔قازخستان اور پاکستان کی تجارت کے بارے میں سفیر نے کہا کہ گزشتہ سال دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کا حجم ساڑھے چار کروڑ ڈالر رہا۔ انہوں نے کہا کہ قراقرم ہائی وے پاکستان سے وسطی ایشیا تک سب سے مختصر راستہ ہے لیکن

سردیوں میں موسمی شدت کی وجہ سے اس کو استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ قازخستان کے عوام پاکستان کو خطے کی اہم طاقت سمجھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے سے پورے وسطی ایشیا کومدد ملے گی۔

ہفتہ وار پروگرام ڈپلومیٹک سیشن ہر ہفتے کے روز ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کے علاوہ ایف ایم ون او ون پر شام سوا چھ بجے نشر ہوتاہے۔

یہ شو ریڈیو پاکستان کی آفیشل ویب سائٹwww.radio.gov.pk اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور ریڈیو پاکستان پوڈ کاسٹpodcast.radio.gov.pk پر بھی دستیاب ہے۔