کل جماعتی حریت کانفرنس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلمانوں کا وجود ختم کرنے اور علاقے میں ہندو جنونیوں کو آباد کرنے پر تلی ہوئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت 05 اگست 2019 کو مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بعد سے کشمیریوں کی شناخت، ثقافت اور سرزمین کو چھیننے کیلئے پے درپے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے ہیڈ آفس کو سیل کرنے پر قابض بھارتی انتظامیہ کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو مزید تقویت ملے گی۔ غلام احمد گلزار نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ادھر سری نگر، بارہمولہ اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیںجن کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ پوسٹرز پر ’گو انڈیا گو بیک او رکشمیر بنے گا پاکستان‘ جیسے نعرے درج ہیں۔