Friday, 29 March 2024, 02:30:26 am
وزیراعظم کی آئندہ بجٹ میں آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں کیلئے خصوصی فنڈز مختص کرنیکی ہدایت
June 02, 2023

 وزیراعظم شہبازشریف نے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت آئندہ بجٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ، زراعت اورقابل تجدید توانائی کے شعبوں کیلئے خصوصی فنڈز مختص کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے یہ ہدایات آج(جمعہ) اسلام آباد میں بجٹ تجاویز سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ۔

وزیراعظم نے آئندہ سال کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام میں نوجوانوں کی مختلف اسکیموں کیلئے خصوصی فنڈز مختص کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

انہوں نے نوجوانوں کیلئے اعلی تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرنے پرزوردیا ۔

وزیراعظم نے کہاکہ آئی ٹی کی جدید مہارت کے حامل باصلاحیت طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ کی فراہمی کو بجٹ کا حصہ بنانا چاہیے ۔

وزیراعظم نے زرعی شعبے کے بارے میں کسان پیکج کے تحت شروع کیے گئے منصوبے جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے توانائی کے شعبے کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو بجٹ میں شامل کیاجانا چاہیے اور پن بجلی اور توانائی کے دیگر منصوبوں میں جدت لانے کیلئے خصوصی فنڈز مختص کیئے جائیں ۔

انہوں نے کہاکہ صوبوں، متعلقہ فریقوں اور اتحادی جماعتوں کو بجٹ میں ترقیاتی منصوبے شامل کرتے ہوئے اعتماد میں لیناچاہئیے اور ان کی تجاویز کو بھی ترجیح دینی چاہئیے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے ایسے منصوبوں کو بھی ترجیح دینے کی ہدایت کی جن میں درآمدات کیلئے متبادل، اشیاء کی فراہمی ، برآمدات میں اضافے اور آئندہ بجٹ میں مختلف شعبوں میں جدت لانے پرخصوصی توجہ دی گئی ہو۔