Monday, 26 February 2024, 01:27:10 pm
نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ کا پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں متنازعہ تقرری کا نوٹس
December 02, 2023

گزشتہ روز متنازعہ کھلاڑی سلمان بٹ کی پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں تعیناتی پر نگران وزیرِ اعظم نے سخت نوٹس لیا۔وزیر اعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ ہیں۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر فوری طور پراس متنازعہ تعیناتی کو منسوخ کردیا گیا۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کرکٹ جیسے مقبول اور پاکستانیوں کے پسندیدہ کھیل کیلئے کھلاڑیوں کی سیلیکشن کمیٹی کو بھی غیر متنازعہ ہونا چاہئیے۔نگران وزیرِ اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں غیر متنازعہ اور اچھی شہرت رکھنے والے سلیکٹرز کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ غیر متنازعہ اور میرٹ پر تقرر شدہ سلیکٹرز ہی پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ میں نمائندگی کیلئے بہترین ٹیم کا انتخاب کر سکتے ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ کو اسکے شاندار ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر سے کامیابی سے ہمکنارکرنے کے لیے تمام تقرریاں خالص میرٹ پر کریں گے۔