Thursday, 28 September 2023, 03:46:47 am
فری لانسنگ کی عالمی مارکیٹ میں پاکستان کا چوتھا نمبر
September 03, 2023

ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے دور میں پاکستان اپنے معاشی منظر نامے میں ایک انقلابی تبدیلی کے مرحلے سے گزررہا ہے۔

طویل عرصے تک روایتی مزدوروں اور صنعتی منڈیوں پر انحصار کرنے کے بعد ملک میں نمایاں تبدیلی آرہی ہے کیونکہ پاکستان فری لانسنگ انقلاب قبول کرنے والے پانچ ممالک میں شامل ہے۔

آکسفورڈ انٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ کے آن لائن گلوبل انڈیکس کے مطابق پاکستان نے چوتھی تیزی سے ابھرتی ہوئی فری لانس عالمی منڈی کے طور پر یہ مقام حاصل کیا ہے۔ممتاز عالمی ادارے مسلسل کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں موجود ان گنت صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

مالی سال 2022 میں پاکستانی معیشت انتہائی تیزی سے پروان چڑھی کیونکہ اس نے فری لانسنگ کے ذریعے برآمدات سے چالیس کرو ڑ ڈالر کا سرمایہ کمایا۔ یہ سرمایہ عوام کے فائدے کیلئے قومی معیشت کے پہلوئوں کو نمایاں کرتے ہوئے اس شعبے کی بھرپور صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔نیشنل سکلز یونیورسٹی پاکستان کی افرادی قوت کو فری لانسنگ کی صنعت کو درکار ہنر سکھانے میں سب سے آگے ہے۔ یونیورسٹی گرافک ڈیزائن، ویڈیو ایڈیٹنگ اور سائبر سکیورٹی کے پروگراموں میں کورسز کروارہی ہے اور یہ پروگرامز ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے تیار کئے گئے ہیں۔یونیورسٹی کی لیکچرار ہما اسرار نے بتایا کہ فری لانسنگ میں یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے اور اس کے عملی اطلاق میں ایک فرق موجود ہے جسے ختم کیا جانا چاہیے۔