Thursday, 25 April 2024, 06:26:45 am

مزید خبریں

 
حریت رہنماؤں کی کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت پرحکومت اور پاکستان کےعوام سے اظہار تشکر
February 04, 2023

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو ں نے حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے پر حکومت پاکستان اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند سینئر رہنما رہنما نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کا ہر برس 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانا کشمیر کاز کے بارے میں اسکی مستقل پالیسی اورغیر متزلزل عزم کا عکاس ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماو ں فریدہ بہن جی ، فردوس احمد شاہ، محمد یوسف نقاش، غلام نبی وار، محمد یاسین عطائی، یاسمین راجہ، زمرودہ حبیب اور ڈاکٹر مصعب نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت مقبوضہ علاقے کے مظلوم عوام کے لیے ہمیشہ حوصلہ افزائی کا ذریعہ رہی ہے ۔ ادھر معروف کشمیری صحافی فہد شاہ کی غیر قانونی نظربندی کو آج ایک سال مکمل ہو گیا۔ بھارتی پولیس نے انہیں گزشتہ برس 4فروری کو پلوامہ کے ایک تھانے میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کرنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر اور دیگرحریت رہنمائوں محمد فاروق رحمانی، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، سید اعجاز رحمانی، شیخ یعقوب، شمیم شال اور الطاف احمد بٹ نے اسلام آباد میں اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی کوششیں اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔