Friday, 26 April 2024, 03:00:31 am
قوم پی ٹی آئی کی پالیسیوں کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہی ہے،وزیراطلاعات
February 04, 2023

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ قوم عمران خان کی غیر دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں اور پی ٹی آئی کی طر ف سے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی وجہ سے مشکلا ت کا سامنا کررہی ہے۔ ہفتہ کے روز اسلام آباد میں تخفیف غربت اور سماجی تحفظ کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹ کے دھانے پر پہنچایا ہے۔وزیر اطلاعات نے خیبرپختونخوا میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کو جدید آلات سے لیس نہ کرنے پر صوبے میں تحریک انصاف کی سابقہ حکومت پر تنقید کی انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے خاطر خواہ وسائل وصول کرنے کے باوجود دہشت گردی کے خلاف تحریک انصاف کی حکومت نے کوئی مناسب کارروائی نہیں کی۔مر یم اورنگزیب نے اپنے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے پر عمران خان پرتنقید کی انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں ڈالا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تخفیف غربت کے بارے میں معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ خیبرپختونخوامیں تحریک انصاف کی حکومت بدعنوان تھی انہوں نے خیبرپختونخوا کی نگران حکومت سے کہا کہ وہ سابقہ حکومت کی بدعنوانی کے بارے میں تحقیقات کرے۔معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان سابق صدر آصف علی زرداری کو صرف توجہ حاصل کرنے کیلئے بدنام کررہے ہیں۔