Friday, 19 April 2024, 05:16:09 am
پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے
February 04, 2023

پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یوم یکجہتی کشمیر منائیںگے جس کا مقصد کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میںان سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ اُمور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر مملکت نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔دن کا آغاز کشمیر کے شہدا اور تحریک آزادی کی فتح کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوگا۔دن دس بجے سائرن بجایا جائے گا اورکشمیری شہدا کی قربانیوں کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ۔منگلہ ، کوہالہ ، بارہ کوٹ اور پاکستان اور آزادکشمیر کو ملانے والے HOLAR کے علاقے میں انسانی زنجیریں بنائی جائیںگی ۔مظفرآباد میں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوگا جس کا مقصد بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنا ہے جو گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی مظالم کاشکار ہیں۔آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم سردارتنویر الیاس کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف اجلاس سے خطاب کریںگے۔کشمیریوں کی حالت زار پردنیا کی توجہ دلانے کیلئے عوامی ریلیاں، واکس، سیمینار اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیںگے ۔آزادکشمیر ریڈیو مظفرآباد اور میرپور اس موقع پر خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔