وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرے اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی سمیت 5اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت کو کالے قوانین منسوخ کرنے چاہیں، اقوام متحدہ کے زیر اہتمام تحقیقاتی ٹیموں کو مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی تحقیقات کی اجازت دینی چاہیے اور جموں وکشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کرانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون رہے گا۔