Friday, 19 April 2024, 10:41:40 am
کشمیری برادری بھارتی ظلم کاشکار کشمیری بھائیوں کی حالت زار اجاگرکرے:بیرسٹر سلطان
February 06, 2023

آزاد جموں کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کشمیری برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششوں کو دوگنا کر دیں جو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔

برطانیہ کے شہر لوٹن میں ایک عوامی احتجاج میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں ہمارے بھائی اس وقت سخت آزمائش سے گزر رہے ہیں۔

دریں اثنا سلطان محمود چوہدری نے لوٹن میں گوردوارہ کے سیکرٹری جنرل مان سنگھ کی دعوت پر گوردوارے کا بھی دورہ کیا۔

سکھ رہنمائوں نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہااور یقین دلایا کہ سکھ برادری کشمیر کے نصب العین کے لئے حمایت جاری رکھے گی۔

اس موقع پر آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ بھارت نہ صرف غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے بلکہ بھارت میں رہنے والی مسلمانوں اور سکھوں سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف بھی ظلم میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں پر بے پناہ مظالم نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا میں بے نقاب کر دیا ہے۔