Friday, 19 April 2024, 07:05:32 am
وزیراعلیٰ سندھ کا آئی ٹی کو فروغ دے کر موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے پرزور
March 07, 2023

 سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے تعلیمی اداروں میں تحقیق اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر سائنسی طریقے سے غربت، غذائی عدم تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے پرزور دیا ہے۔

 کراچی یونیورسٹی میں 24 ویں اسلامک ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے لئے بین الاقوامی سینٹرز مختص کئے ہیں۔

 وزیراعلیٰ نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے مراکز بین الاقوامی سینٹرز کے تعاون سے مزید پانچ تحقیقاتی مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں جامعات اور تحقیقاتی مراکز کے فروغ اور ان کی حفاظت کےلئے پرعزم ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہاکہ لیبارٹریوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے او ر صحت اور زراعت کے شعبے کے مسائل حل کرنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔