Saturday, 20 April 2024, 07:12:27 am
پاکستان اورمشرق وسطیٰ ممالک کے مابین تعاون کے وسیع مواقع ہیں،احسن اقبال
June 07, 2023

 منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور مشرق وسطی کے ملکوں کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

 انہوں نے آج اسلام آباد میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی کے ممالک سے سرمایہ کاری کے ذریعے زرعی شعبے میں جدت لاسکتا ہے۔

 انہوں نے کہا ہم نے ملک میں سبز انقلاب لانا ہے جس سے ہماری ملکی غذائی ضروریات پوری ہونے کے علاوہ زرعی مصنوعات کی برآمد بھی ممکن ہوگی۔

وفاقی وزیر نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیشرفت خصوصاً سعودی عرب کی شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت اور سعودی عرب اور ایران کی مصالحت میں چین کے کردار کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایک تخمینے کے مطابق سال دوہزار تیس تک خلیج تعاون کونسل اور ابھرتے ہوئے ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت چھ ارب ڈالر سے تجاوز کرجائے گی۔

 انہوں نے کہا ان تمام ممالک کےساتھ پاکستان کے قریبی تعلقات ہیں اور ہمارے لئے ان تبدیلیوں کے مطابق خود کو ڈھالنے کے مواقع موجود ہیں۔