Tuesday, 16 April 2024, 04:38:31 pm
پاکستان نے افغان عوام کی انسانی بنیادوں پرامدادکیلئے عالمی برادری کومتحرک کیاہے:وزیرخارجہ
January 08, 2022

File photo

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان عوام کی انسانی بنیادوں پر امداد کیلئے اسلامی تعاون تنظیم اور پوری عالمی برادری کو متحرک کیا ہے۔ملتان میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے حالیہ ا جلاس سے افغانستان میں بینکاری کے نظام کو فعال بنانے میں مدد ملے گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ خواتین اور بچوں سمیت افغان عوام کو جاری شدید سردی کی لہر کے دوران ملک میں خوراک اور دیگر سہولتوں کی کمی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دانشمندانہ سفارتی کوششوں کے باعث انسانی بنیادوں پر امداد معمول پر آگئی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ تخریب کار افغانستان میں امن اور افغان عوام کے مسائل کے حل کے بارے میں پاکستان کی کوششوں میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں تاہم شر پسند عناصر اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو سفارتی ذرائع کے ذریعے سرحدی باڑ کے معاملے کے حل کے سلسلے میں افغان حکام کی طرف سے مثبت جواب ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحد ی باڑ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے جس سے تجارتی سہولیات میں باقاعدگی سمیت ریاست مخالف عناصر کی طرف سے افغانستان یا پاکستان کی سرزمین اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی روک تھام میں مدد ملے گی۔