Thursday, 28 March 2024, 04:37:38 pm
وزارت خارجہ کا متاثرین سیلاب کی تکالیف اجاگر کرنے کیلئے نغمے کا اجراء
January 08, 2023

خارجہ امور کی وزارت نے ایک نغمہ تیار کیا ہے جس کے بول ہیں’’ آئو ہم کچھ ایسا کریں‘‘ اس نغمے کی تشکیل کا مقصد سیلاب متاثرین کی تکالیف کو اجاگر کرنا اور مشکل میں پھنسے ہوئے افراد کی اخلاقی مدد کرنے پر آمادہ کرنا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ نغمہ کل ماسکو میں ہونے والی کانفرنس برائے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے محفوظ پاکستان کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ یہ نغمہ پاکستان خارجہ سروس کے ایک افسر شکیل اصغر ملک نے لکھا اور اس کی موسیقی ترتیب دینے کے علاوہ اسے گایا بھی انہوں نے ہے۔ گانے کا کیپشن انگریزی میںActs of Humanity تحریر کیا گیا ہے اور اسے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے نام سے موسوم کیا گیا ہے اور لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ مشکلات سے دوچار افراد کی اخلاقی مدد کی جائے۔اس روح پر ور نغمے کی تیاری اور ریکارڈنگ موسیقی کے سینئر استاد مجاہد حسین کی زیرنگرانی کی گئی۔