Saturday, 20 April 2024, 09:52:48 am
الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کیلئے شیڈول کااعلان کردیا
March 08, 2023

الیکشن کمیشن کمیٹی نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کیلئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

بدھ کے روز اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فیکیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات اگلے ماہ کی تیس تاریخ کو ہوںگے ۔کاغذات نامزدگی لینے کیلئے نوٹس ہفتے کو جاری کیاجائے گا جبکہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا عمل اگلے دن سے شروع ہوگا ۔امیدواروں کے ناموں کا اعلان رواں ماہ کی پندرہ تاریخ کو کیاجائے گا۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال رواں ماہ کی بائیس تاریخ کو کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے سے متعلق ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں رواں ماہ کی ستائیس تاریخ کو جمع کرائی جاسکیں گی۔ایپلیٹ ٹریبونل کی جانب سے اپیلوں پرفیصلے کی آخری تاریخ تین اپریل ہے اورامیدواروں کی نظر ثانی شدی فہرست چار اپریل کو جاری کی جائے گی ۔کاغذات نامزدگی پانچ اپریل تک واپس لیئے جاسکتے ہیں امیدواروں کو انتخابی نشانات چھ اپریل تک الاٹ کردئیے جائیں۔الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے خواتین اور غیرمسلموں کیلئے مخصوص نشستوں کیلئے ترجیحات کی علیحدہ فہرست جمع کرانے کا بھی کہا ہے۔