Sunday, 21 July 2024, 10:02:26 pm
دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے حریت رہنما برہان مظفر وانی کا یوم شہادت منایا
July 08, 2024

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے  پیر کو معروف نوجوان حریت رہنما برہان مظفر وانی کاآٹھواں یوم شہادت منایا۔

بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ 8 جولائی 2016کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا تھا۔

برہان وانی کو ماورائے عدالت قتل کئے جانے پر مقبوضہ وادی میں عوام کی جانب سے احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے جو کئی ماہ تک جاری رہے جس دوران قابض فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ، پیلٹس اور آنسوگیس کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں ڈیڑھ سو سے زائد بے گناہ مظاہرین شہید ہوگئے تھے۔

 غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور دوسرے زیر حراست رہنمائوں سمیت کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے اپنے پیغامات میں تحریک آزادی میں نئی روح پھونکنے پر برہان وانی کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔