Sunday, 21 July 2024, 09:38:43 pm
کشمیری نوجوان برہان مظفر وانی کا آج یوم شہادت منایا جا رہا ہے
July 08, 2024

کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج نوجوان کشمیری حریت پسندرہنما برہان مظفروانی کا آٹھواں یوم شہادت منا رہے ہیں۔

برہان وانی تاریخ کشمیر کا ایک روشن ستارہ ہے جو ہمیشہ مزاحمت اور ثابت قدمی کی علامت کے طور پر یاد رہے گا۔کشمیری عوام انہیں اپنا محسن، محافظ اور ہیرو تصور کرتے ہیں جس نے اپنی مظلوم قوم کی بڑی جرات و بہادری سے نمائندگی کی اور بھارتی غلامی سے آزادی حاصل کرنے کے عظیم مشن کیلئے اپنی جان قربان کردی۔

ہرسال اس عظیم شہید کی برسی کے موقع پر کشمیری قوم اپنے اس عظیم مشن کی تکمیل کے عہد کی تجدید کرتی ہے جس کیلئے انیس سو سنتالیس سے لیکر اب تک برہان وانی اور چھ لاکھ سے زائد کشمیری باشندوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہیں دو ہزار سولہ میں آج کے روز مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے کوکرنگ میںبھارتی فوج نے ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا تھا۔