Sunday, 21 July 2024, 08:21:54 pm
پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،وزیراعظم
July 09, 2024

سرمائیکل باربر کی قیادت میں برطانیہ کے ایک وفد نے آج(منگل) اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی دوطرفہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ برطانیہ ایک اہم شراکت دار ہے اور مختلف شعبوں میں پاکستان سے تعاون کررہا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

وزیراعظم نے وفد کو معاشی بحالی کیلئے حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے اور معاشی ڈیجیٹائزیشن کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عملے کو مناسب سطح پر لانے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے اور قومی خزانے پر بوجھ میں کمی کیلئے غیر فعال اداروں کو ختم کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے اور ٹیکس کادائرہ کار بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کے پاس زرعی اور آئی ٹی برآمدات کی وسیع گنجائش موجود ہے۔