Sunday, 21 July 2024, 09:37:20 pm
وزیراطلاعات کی سینیٹر سید علی ظفر کو قائمہ کمیٹی کا چیئرمین بننے پر مبارکباد
July 10, 2024

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تاڑ نے سینیٹر سید علی ظفر کو اطلاعات و نشریات کے بارے میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا چیئرمین بننے پر مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت قائمہ کمیٹی سے ہرممکن تعاون کرے گی کیونکہ ہم جمہوری اقدار اور روایات پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت کا مطلب سیاسی دشمنی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے سیاسی حریفوں سے بات چیت کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ حکومت نے صحافیوں کے لئے صحت بیمہ سکیم بحال کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکیم کے پہلے مرحلے میں پانچ ہزار صحافی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے مستفید ہوںگے جبکہ اس سکیم کے تحت ملک بھر سے مجموعی طور پر تیس ہزار صحافی اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کو فائدہ ہو گا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی کے قیام کیلئے وسیع پیمانے پر مشاورت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی ویڈیوز جیسے مسائل سے نمٹنے کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے مشیر رانا ثناء اللہ کی قیادت میں کابینہ کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو تمام صحافتی اداروں، ارکان پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔