خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کیلئے انتخابات اس سال اٹھائیس مئی کو ہوں گے۔ منگل کے روز سہ پہر اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا میں انتخابی تاریخ کے بارے میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کر کے آئینی تقاضا پورا کر دیا ہے۔گورنر نے کہا کہ ہمیں ساتویں مردم شماری کے تازہ اعدادو شمار کے نتائج کی روشنی میں حلقوں کی حد بندیوں سمیت امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور دیگر امور کے بارے میں تشویش تھی۔گورنر نے کہا کہ ہم نے صوبائی اسمبلی کیلئے انتخابات کی تاریخ دے دی ہے اور اب یہ الیکشن کمیشن اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پُرامن اور شفاف انداز میں صوبے میں انتخابات کرائیں۔