Thursday, 28 March 2024, 07:16:41 pm
سجادپرویزکی کتاب''22لوگ ''کی تقریب رونمائی کل لاہورمیں ہوگی
January 16, 2023

ریڈیو پاکستان کے کنٹرولر نیوز سجاد پرویز کی کتاب'' 22 لوگ'' کی تقریب رونمائی کل بروزمنگل کو گورنر ہائوس لاہور میں ہوگی۔

اس موقع پرگورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان محمد طاہر حسن اور وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب خصوصی شرکت کریں گے۔

کتاب 22 لوگ ملک کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کے 22 خصوصی اور تفصیلی انٹرویوز پر مشتمل ہے۔

سجاد پرویز جو ریڈیو پاکستان، لاہور میں کنٹرولر نیوز کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، یہ انٹرویوز ریڈیو پاکستان کے لئے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران کئے جو اب اس کے آرکائیوز کا حصہ ہیں۔

اس کتاب کی طباعت اور اشاعت کا سارا منصوبہ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب(تمغہ امتیاز)کی زیر نگرانی تھا جنہوں نے کتاب 22 لوگ کی اشاعت کو یونیورسٹی کی تاریخ میں منفرد قرار دیا۔

انہوں نے ملک بھر میں تعلیم، تفریح اور معلومات کے فروغ کیلئے ملک کے سب سے قدیم اور سب سے بڑے نشریاتی ادارے کے طور پر ریڈیو پاکستان کی خدمات کو سراہا۔

معروف کالم نگار اور اینکر پرسن سہیل وڑائچ نے کتاب 22 لوگ کو اردو ادب میں ٹرینڈ سیٹر قرار دیا ہے۔ ملک کے بڑے پیمانے پر پڑھے جانے والے اور زیر گردش اردو ڈائجسٹ''سبرنگ''کے سینئر مصنف اور ایڈیٹر شکیل عادل زادہ نے22لوگ کو ملک کی پہلی اردو کافی ٹیبل بک قرار دیا۔

سینئر رائٹر عرفان جاوید نے اپنے تعارفی کلمات میں لکھا کہ اس کتاب کے مطالعہ نے قاری کو گزرے ہوئے دور کے واقعات، رسوم و رواج اور ثقافت کے بارے میں پرانی یادوں میں مبتلا کر دیا۔

معروف مصنفہ برائے چلڈرن اور چلڈرن لٹریچر فیسٹیول کی بانی امرا عالم کا خیال ہے کہ 22 لوگ کو ایک حوالہ جاتی کتاب سمجھا جائے گا کیونکہ اس میں ملک کی مختلف نامور شخصیات سے متعلق ہر صفحے پر نایاب ترین تصاویر موجود ہیں۔

معروف موٹیویشنل سپیکر اور شاعر ڈاکٹر جاوید اقبال نے اپنے وی ایل او جی میں کہا کہ کتاب 22 لوگ کے ذریعے قاری کو فن، ثقافت، موسیقی، ادب اور گزشتہ برسوں کی تعلیم سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں بخوبی آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

معروف ناول نگار اور ٹی وی رائٹر آمنہ مفتی نے امید ظاہر کی کہ یہ کتاب نوجوان نسل کے لئے تحقیق و ادب کے میدان میں نئی راہیں کھولے گی۔