Thursday, 28 March 2024, 06:01:44 pm
ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے جمہوریت ناگزیر ہے: وزیر اعظم
October 13, 2017

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے جمہوریت ناگزیر ہے ۔ وہ جمعہ کو اسلام آباد میں مولانا مفتی محمود(مرحوم) کے اعزاز میں یادگاری ڈاک ٹکٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ یہ ڈاک ٹکٹ ان کی گرانقدر سیاسی اور مذہبی خدمات کے اعتراف میں جاری کی گئی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت میں خامیاں ہوسکتی ہیں تاہم پارلیمنٹ وقت کے ساتھ ساتھ خود ان خامیوں کودور کرے گی۔ شاہد خاقان عباسی نے مرحوم مولانا مفتی محمود کو زبر دست خراج عقیدت پیش کرتےہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ قومی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی ۔  وزیر اعظم نے پوسٹل سروسز کی وزارت سے کہا کہ وہ دوسری اہم شخصیات کی یاد میں یادگاری ٹکٹ جاری کرے۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن قومی معاملات میں مولانا مفتی محمود کے کردار اورخدمات کا اعتراف کرنے پر وزیر اعظم اورمحکمہ ڈاک کا شکریہ ادا کیا۔