Friday, 29 March 2024, 01:48:53 am
ای سی سی نے یوریا کھاد کی درآمد کیلئے5ارب سے زائد کی ضمنی گرانٹ منظور کرلی
May 17, 2023

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوریا کھاد کی درآمدپرصوبوں کے ساتھ وفاقی حکومت کے حصے کی ادائیگی کی خاطر وزارت تجارت کے لئے پانچ ارب ستاون کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔کمیٹی نے صنعتوں اورپیداوارکی وزارت کو ہدایت کی کہ درآمدی یوریاکھادپرصوبوں کی طرف سے واجب الاداسبسڈی کی جلدادائیگی یقینی بنائی جائے۔کمیٹی نے قومی شاہرات کے ادارے کودالبندین سے زیارت بالانوش تک ستترکلومیٹرطویل سڑک کی تعمیرکے لئے دس کروڑروپے اداکرنے کی منظوری دی۔کمیٹی نے گزشتہ برس کے سیلابوں کے دوران تباہ ہونے والی سڑکوں کی بحالی کی خاطر قومی شاہرات کے ادارے کے لئے ایک ارب چھیاسٹھ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کی منظوری دی ۔کمیٹی نے جیوانی سے گوادرتک دوسرے سڑک کی تعمیرکے لئے وزارت توانائی کو بانوے کروڑ بیس لاکھ روپے اداکرنے کی بھی منظوری دی۔