Saturday, 25 May 2024, 07:57:34 am
ریڈیو پاکستان، پاکستان کی شناخت اور فخر ہے، مشاہد حسین سید
April 20, 2023

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان، پاکستان کی شناخت اور فخر ہے۔

وہ آج(جمعرات) اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان کے نئے قائم ہونے والے جدید پوڈ کاسٹ سٹوڈیو میں اپنے وڈیو پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران گفتگو کررہے تھے۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ معلومات پھیلانے میں ریڈیو کاکردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے انہوں نے کہا کہ ریڈیو کو مادر وطن کی آزادی کے اعلان کا اعزاز حاصل ہے۔اس موقع پر ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل طاہر حسن نے سینیٹر کو قومی نشریاتی ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کئے گئے تازہ ترین اقدامات کے بارے میں بتایا۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے ریڈیو پاکستان کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا جن میں نئے قائم ہونے والے اسپورٹس چینل، انگریزی چینل 87.6، ٹیکنالوجی چینل، ورلڈ اینڈ ایکسٹرنل سروس اور ریڈیو پاکستان کے مقبول ترین چینل صوت القرآن چینل بھی شامل ہے۔ انہوں نے نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز چینل، نیشنل نیوز روم، سوشل میڈیا اور نیوز اسٹوڈیوز کا بھی دورہ کیا۔ جناب مشاہد حسین سید نے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر حسن کی جانب سے براڈکاسٹنگ کے جدید تقاضوں کو پورا کرنے اور اس کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کچھ بڑے ناموں کو بھی یاد کیا جو ریڈیو پاکستان سے وابستہ رہےجن میں ان کی ساس بیگم حمیرا خاتون سید بھی شامل تھیں جو 1947 میں ریڈیو پاکستان کی پہلی انگلش نیوز ریڈر تھیں۔