Saturday, 20 April 2024, 01:22:06 am
حریت رہنماؤں کا کشمیریوں کے قتل عام کی غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ
January 21, 2023

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو ں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں کے قتل عام کے تمام واقعات کی غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ حریت رہنمائوںنے یہ مطالبہ آج گائو کدل قتل عام کے 33 برس مکمل ہونے کے موقع پر کیا۔ بھارتی فوجیوں نے 1990 میں آج ہی کے دن سری نگر کے علاقے گائو کدل میں پرامن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 50 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کردیا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں بشمول جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک حریت فورم نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں گائو کدل قتل عام کے شہداکو شاندارخراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کی۔ادھر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسداد تجاوزات کی مہم کے نام پر کشمیریوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے کے اقدام کے خلاف جموں خطے کے ضلع ڈوڈہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مودی حکومت اور مقبوضہ علاقے میں اس کی انتظامیہ نے گزشتہ چند دنوں میں وادی کشمیر کے تمام اضلاع اور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں لاکھوں کنال اراضی پر قبضہ کرلیا ہے۔بھارتی پولیس نے حریت رہنما ظہور احمد بٹ کو ضلع کپواڑہ میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیاہے۔ قابض انتظامیہ نے گرفتار رہنما کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں جموں کی بھدرواہ جیل منتقل کر دیا ہے۔