Thursday, 28 March 2024, 04:20:28 pm
کُل جماعتی حریت کانفرنس کا گائو کدل قتل عام کے شہداء کو ان کے 33 ویں یوم شہادت پر بھرپور خراج عقیدت پیش
January 21, 2023

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کُل جماعتی حریت کانفرنس نے گائو کدل قتل عام کے شہداء کو ان کے 33 ویں یوم شہادت پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے جو آج منایا جا رہا ہے۔حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک حریت فورم نے سرینگر میں اپنے الگ الگ پیغامات میں کشمیری عوام کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آزادی کی منزل کے حصول تک شہداء کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں گائو کدل کا قتل عام ایک ایسا دل دوز واقعہ ہے جو کشمیری عوام کے دلوں اور ذہنوں کو زخم لگاتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں کئی قتل عام کئے ہیں لیکن ان خونیں واقعات میں ملوث ایک بھی فوجی کو اب تک سزا نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور بھارتی تسلط سے آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔کُل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے مقبوضہ علاقے میں قتل عام کے تمام واقعات کی غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان جرائم میں ملوث فوجیوں کو سزا دی جا سکے۔

ادھر آج کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 33 سال گزرنے کے بعد بھی گائو کدل قتل عام کے متاثرین کو انصاف نہیں مل سکا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انیس سو نوے میں آج کے دن سرینگر کے علاقے گائو کدل میں پچاس سے زائد افراد کو اُس وقت شہید کر دیا گیا تھا جب بھارتی فوج کی طرف سے کئی خواتین کی بے حرمتی کے خلاف پُرامن مظاہرہ کرنے والے افراد پر بھارتی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔رپورٹ میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی جانب سے کئے گئے قتل عام کے تمام واقعات کی تحقیقات کریں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا کو گائو کدل اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے دیگر قتل عام کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہئے۔