Thursday, 18 April 2024, 11:43:58 pm
کسان پیکج پرعملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے:وزیراعظم
January 21, 2023

وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ حکومت زرعی ٹیوب ویلز کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے اور کسان پیکج پرعملدرآمدکے لئے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں اس حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہاکہ کسان پیکج پرعملدرآمدحکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے کہاکہ حکومت زراعت کی ترقی اورکسانوں کی خوشحالی کے لئے اقدامات کررہی ہے۔شہبازشریف نے کہاکہ کسان پیکج میں چھوٹے کسانوں کوقرضوں اوربیجوں کی بروقت فراہمی، زراعت میں جدیدمشینری متعارف کرانے میں سہولت دینا اورٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پرمنتقلی شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ پیکج پرعملدرآمدکے لئے صوبوں کی مشاورت اورتعاون کوبھی یقینی بنانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پیکج پرعملدرآمدکے لئے صوبوں کی مشاورت اورتعاون کوبھی یقینی بنانا چاہیے۔وزیراعظم نے خوردنی تیل کی پیداوارمیں اضافے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کے بارے میں ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔وزارت توانائی کی جانب سے اجلاس میں بتایاگیا کہ ڈیزل اوربجلی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے کے لئے منصوبہ حتمی مراحل میں ہے اوراس اقدام کے ذریعے ڈیزل اوردرآمدی ایندھن کے استعمال میں کمی سے ہربرس ملک کوتین ارب اکسٹھ کروڑ ڈالر کی بچت ہوگی۔وزیراعظم کوبتایاگیاکہ قرضوں کے حصول میں چھوٹے کاشتکاروں کوسہولت فراہم کرنے کے حکومتی اقدامات کے نتیجے میں آٹھ سوسولہ ارب روپے سے زائدکے قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔حکومت کھادکی قیمتیں کم کرنے اورزراعت میں جدیدمشینری کااستعمال بڑھانے کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔شرکاء کوبتایاگیاکہ حکومتی فیصلوں کے نتیجے میں رواں سال خوردنی تیل پیدا کرنے والی اجناس تریسٹھ لاکھ بیس ہزارایکڑرقبے پرکاشت کی گئیں اورآئندہ برس اس رقبے میں مزید اضافہ ہوگا۔