Friday, 29 March 2024, 06:42:43 pm
وزیراعظم کا ٹیلی سکول پاکستان موبائل ایپ کا افتتاح
March 21, 2023

وزیراعظم شہبازشریف نے گریڈ ایک سے بارہ تک کے بچوں کو آن لائن تعلیم کی فراہمی کیلئے ایک سکول سب کے لئے ٹیلی سکول پاکستان موبائل ایپ کا منگل کے روز اسلام آباد میں افتتاح کیا۔وزیراعظم نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آن لائن تعلیم کے فروغ پر زور دیا جو دوردراز علاقوں میں اور قدرتی آفات اور عالمی وباؤں کے دوران درس و تدریس کے عمل کے تسلسل کو یقینی بنا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مستقبل کی نسلوں پر سرمایہ کاری کرنی پڑے گی تاکہ انہیں جدید ہنر سکھائے جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پیشہ ورانہ تعلیم کے مراکز صوبائی حکومتوں کے تعاون سے پورے پاکستان میں قائم کئے جانے چاہئیں۔وزیراعظم نے ایجوکیشن اینڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے یتیم اور نادار طلباء کی مدد کرنے پر بھی زور دیاانہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ بلوچستان میں دانش سکولوں کے قیام میں صوبائی حکومت کی مدد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس کا مقصد بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔شہبازشریف نے اساتذہ کی معیاری تربیت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر سے کہا کہ وہ اساتذہ کو جدید تعلیم اور ہنر سے لیس کرنے کے لئے صوبوں کی مشاورت سے ایک مربوط پروگرام وضع کریں۔ اس سے پہلے حاضرین کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان میں دو کروڑ اٹھائیس لاکھ بچے سکول سے باہر ہیں اور یہ پروگرام ان کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں مدد کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد کو صفر کے برابر لانے کے لئے تعلیم کی فراہمی کے اعتبار سے اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بنانے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تربیت اساتذہ اور لڑکیوں کی تعلیم پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔