Thursday, 25 April 2024, 07:33:14 pm
ادب کا باہمی تعلق پاکستان اور امریکہ کے عوام کو جوڑتا ہے:مسعود
May 21, 2023

اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے زمرے میں ادب کو ایک مضبوط استعارہ قرار دیتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا ہے کہ ادب کا باہمی تعلق پاکستان اور امریکہ کے عوام کو جوڑتا ہے۔

ایشیا سوسائٹی کی جانب سے آج نیویارک میں منعقد ہونے والے لاہور لٹریری فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر مسعود خان نے کہا کہ یہ فیسٹیول پاکستان اور امریکہ کے مابین عوام کے تعلقات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اکثر سیاست اور اسٹریٹجک تناظرمیں دیکھا جاتا ہے حالانکہ ان دو زاویوں سے بڑھ کر پاکستان مضبوط اور متنوع ادبی روایات کا پاسبان ہے۔ ایشیا سوسائٹی کو لاہور لٹریری فیسٹیول کے انعقاد اور ممالک کو امریکہ کے ساتھ جوڑنے پر مبارکباد دیتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ ایشیا سوسائٹی لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں براہ راست یا بالواسطہ طور پر حکومتوں سے متاثر نہیں بلکہ یہ کوششیں عوامی سطح پر عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

قبل ازیں گلوبل پرفارمنگ آرٹس اینڈ کلچرل انیشیٹوز کی ڈائریکٹر ریچل کوپر نے اپنے تاثرات میں تقریب کو سوفٹ ڈپلومیسی کا ایک موثر ذریعہ قرار دیا۔امریکہ میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ لاہور لٹریچر فیسٹیول نہ صرف پاکستان کی تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے بلکہ اس نے ملک کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں رہنما کے طور پر پیش کیا ہے۔

مسعود خان نے تجویز دی کہ ایشیا سوسائٹی اقوام متحدہ کے ساتھ مضبوط شراکت داری پر غور کرے تاکہ اس کی کوششوں کو زیادہ رسائی اور ان کے بہتر اثرات مرتب ہوں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی کوششوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ مفادات کے دیگر امور جن میں ماحولیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی وغیرہ شامل ہیں کے ساتھ ساتھ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بھی کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک طاقتور لہر ہے جسے ہمیں سفارتی سرگرمیوں کے لئے برے کار لانا چاہیے۔مسعود خان نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط شراکت داری سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام بلکہ پوری عالمی برادری کے لیے سود مند ثابت ہوگی۔