Thursday, 28 March 2024, 11:40:00 pm
چھبیس جنوری کوبھارت کایوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپرمنائیں:مقبوضہ کشمیرمیں پوسٹرزآویزاں
January 22, 2023

بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے ضلع بارہ مولہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پوسٹر آویزاں کئے گئے ہیں جن میں لوگوں پرزوردیاگیا ہے کہ وہ چھبیس جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منائیں۔

دیواروں ، کھمبوں اور نمایاں مقامات پر آزادی کے متوالوں کی جانب سے آویزاں کئے گئے پوسٹروں پر ''کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منائیںگے اور بھارتی یوم جمہوریہ کشمیریوں کیلئے یوم سیاہ ہے ،، کے نعرے درج تھے۔

ان پوسٹروں میں بھارت کو پیغام دیا گیا ہے کہ کشمیری اپنے جائز حق خودارادیت کے مطالبے پرکبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے اوراسے منطقی انجام تک پہنچا نے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر، آزادجموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے یوم جمہوریہ یعنی 26جنوری کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیاجائے کہ کشمیری اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث بھارت کو خود کو ایک جمہوری ملک قراردینا زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی برادری کو تنازعہ کشمیر کے فوری حل کے لیے متحرک کریں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما مولوی بشیر عرفانی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ لفظ ''جمہوریت'' بھارت کے حقیقی چہرے پر پڑانقاب ہے جس کے پیچھے وہ اپنا ظالم سامراجی چہرہ چھپا کر دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے۔ بھارت میں ہندوتوا تنظیموں راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور وشوا ہندو پریشد کے رہنما ایشور لال نے صرف بھارتی ریاست راجستھان میں 30ہزارمساجد کو مندروں میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے جودھ پور میں بجرنگ دل کی طرف سے منعقدہ تریشول تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوتوا تنظیموں نے بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر بنا دیا ہے اور اب انہیں مزید تیس ہزار مساجد کو مندروں میں تبدیل کرنا ہے۔