Friday, 29 March 2024, 10:20:45 am
کفایت شعاری منصوبہ،وفاقی کابینہ کا تنخواہیں،پرتعیش گاڑیاں اور الاؤنس نہ لینے کا فیصلہ
February 22, 2023

وزیراعظم شہبازشریف کی کفایت شعاری کے منصوبے کے تحت وفاقی کابینہ نے رضا کارانہ طورپر اپنی تنخواہیں ، پرتعیش گاڑیاں اور الائونس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بدھ کی شام اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس فیصلے کا اعلان کیا انہوں نے کہاکہ اس فیصلے سے ملک میں معاشی استحکام لانے کیلئے دوسو ارب روپے کی بچت ہوگی۔

کفایت شعاری کے منصوبے کے تحت شادیوں اور دوسری تقریبات میں سنگل ڈش کے اصول پر عمل کیاجائے گا ۔

وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ کے تحائف کا ریکارڈ منظر عام پرلانے کا فیصلہ بھی کیا ۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کی جانب سے صدر کو ایک مراسلہ بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا جس میں کہا جائے گا کہ صدر کا صوبوں میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے سے کوئی سروکار نہیں ہے۔وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں۔وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد کے بارے میں ایک سوال پرا نہوں نے کہاکہ حکومت میں شامل جماعتیں اس پر سنجیدگی سے غور کررہی ہیں اور اس سلسلے میں جلد اچھی خبر سننے کو ملے گی۔