Friday, 29 March 2024, 06:50:28 pm
حکومت بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر کریگی:دستگیر
January 24, 2023

File Photo

وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی بریک ڈاؤن سے بچنے کیلئے حکومت بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر کر یگی۔وہ آج (منگل) اسلام آباد میں صحافیوں کو ملک میں گزشتہ روز ہونے والے بریک ڈاؤن کے بعد حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دے رہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ایک لائحہ عمل پر کام کررہے ہیں جس کے تحت بریک ڈاؤن کے مرکزی پوائنٹ کو ملک بھر میں پھیلے ٹرانسمیشن لائنز کے نیٹ ورک سے الگ کرکے مکمل بریک ڈاؤن سے بچا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ملک کے مرکز میں بلیک سٹارٹ کی سہولت قائم کی جائیگی تاکہ سارا بوجھ تربیلا اور منگلا ڈیم پر نہ پڑے کیونکہ گزشتہ روز بجلی کی بحالی کے دوران یہ مشاہدہ کیا گیا کہ منگلا اور تربیلا ڈیم کی بیک وقت بحالی زیادہ وقت لے رہی ہے جس کے باعث بحالی میں دیر ہوئی۔خرم دستگیر نے کہا کہ کراچی اور چشمہ کے جوہری بجلی گھروں کو اس سسٹم میں بجلی لانے کیلئے 48 سے72 گھنٹے درکا ر ہونگے اور اس کام کا آغازکردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو بھی اڑتالیس گھنٹے درکار ہیں۔ساہیوال اور اینگرو تھرکول یونٹس مربوط کردیے گئے ہیں اور وہ جلد ہی بجلی کی پیداوار شروع کردیں گے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ اڑتالیس گھنٹے میں بجلی کی کچھ قلت کی وجہ سے تھوڑی سی لوڈشیڈنگ ہوگی مگر صنعتی شعبہ اس سے مستثنی ہوگا۔