Saturday, 13 April 2024, 01:23:34 am
ساتویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشق پبی کے قومی انسداد دہشتگردی مرکز میں شروع
February 25, 2024

ساتویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشق آج پبی کے قومی انسداد دہشتگردی مرکز میں شروع ہوئی۔

ڈائریکٹر جنرل ملٹری ٹریننگ نے ساٹھ گھنٹے پرمحیط پٹرولنگ مشق کاافتتاح کیاجس کامقصد پیچیدہ بین الاقوامی سلامتی کے ماحول میں دوست ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کو بڑھاناہے۔

اس مشق میں مجموعی طورپرفوجی مبصرین سمیت بیس ملک شرکت کررہے ہیں ۔شرکاء میں پاکستان ،بحرین، اردن، قازقستان،سعودی عرب ،مالدیپ ،مراکش، قطر، سری لنکا، تھائی لینڈ، ترکیہ، امریکہ اورازبکستان شامل ہیں جبکہ آذربائیجان، بیلاروس ،چین ،میانمار، جرمنی، انڈونیشیا ، جاپان اورعمان بطورفوجی مبصرشرکت کررہے ہیں۔

پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشق اورمتعین کام پرمبنی پیشہ ورانہ فوجی مشق ہے جوہرسال پاکستان میں منعقد ہوتی ہے ۔یہ مشق بھرپورجسمانی مستعدی، ذہنی پھرتی واستعداداورپیشہ وارانہ مہارت کی متقاضی ہے تاکہ حقیقی ماحول میں دشوارمشن کے دوران صورتحال کے مطابق فوری فیصلے کئے جاسکیں۔

اس مشق کے اغراض ومقاصد میں مشترکہ ٹیم جذبے کے ذریعے استقامت کا حصول شامل ہے۔اس مشق سے جدت پرمبنی اورمفیدتصورات کے اشتراک کے ذریعے ایک دوسرے سے تعاون کے علاوہ فوجی جوانوں کے بنیادی کردارکوآگے بڑھانے میں مددملے گی۔