Friday, 29 March 2024, 04:06:03 pm
وزیراعظم کی ریڈیوپاکستان پشاورکی عمارت کی بحالی پرکام شروع کرنے کی ہدایت
May 25, 2023

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ریڈیو پاکستان پشاور کی تاریخی عمارت کی بحالی کے لئے کام فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی ہے جسے رواں ماہ کی نو اور دس تاریخ کو شرپسند عناصر نے مکمل طور پر تباہ اور نذر آتش کردیا تھا۔

انہوں نے یہ ہدایت آج (جمعرات)ریڈیو پاکستان پشاور کے دورے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دی۔

وزیراعظم نے تاریخی اورقیمتی ریکارڈ کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا جسے پرتشدد ہجوم نے مکمل طور پر تباہ اور نذرآتش کر دیا تھا۔

شہباز شریف نے ریڈیوپاکستان کے ملازمین کی بہادری اور قومی جذبے کی تعریف کرتے ہوئے قومی براڈکاسٹرپرحملہ کرنے والے پرتشدد ہجوم کے ساتھ مقابلہ کرنے والے دو ملازمین کو مالی امداد کے چیک بھی دیے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ادارے اور پاکستان کی آزادی سے آپ تک محفوظ تاریخی ریکارڈ کو آگ لگانا حب الوطنی نہیں بلکہ قوم سے دشمنی ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اور نگزیب نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسلح جتھوں نے مکمل منصوبہ بندی سے ریڈیوپاکستان پشاور کی عمارت پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے پوری عمارت اور تاریخی ریکارڈکو آگ لگائی جبکہ ضلعی انتظامیہ اورریڈیو کے ملازمین نے انہیں روکنے کی بھرپور کوشش کی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلح جتھوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل طاہر حسن نے وزیراعظم کو شرپسندوں کی جانب سے کئے گئے نقصان اور تباہی کی تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کیلئے دو ماہ سے زیرالتوا تنخواہیں ادا کرنیکا بھی اعلان کیا۔