Monday, 26 February 2024, 01:30:44 pm
وفاقی حکومت کاآئی ٹی، ٹیلی مواصلات کے شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات کا اعلان
October 25, 2023

وفاقی حکومت نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے شعبوں کی ترقی کے لئے کئی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات کے نگران وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے آج(بدھ) کو شام اسلام آباد میں وزیراطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے آئی ٹی و ٹیلی مواصلات کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری لائی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سوفٹ ویئر برآمدا ت پچیس لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی شرح تبادلہ کے پیش نظر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کمپنیوں کو ساٹھ فیصد سرمایہ ڈالر اکائونٹ میں رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پاکستان میں یونیورسٹیوں سے سالانہ پچھہتر ہزار آئی ٹی گریجویٹ فارغ التحصیل ہورہے ہیں اور حکومت نے ان گریجویٹ کے لئے پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ان گریجویٹ کو عالمی ضروریات کے پیش نظر عالمی معیار کی تربیت دی جائے گی جس کے لئے عالمی معیار کے ٹیسٹ متعارف کرائے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نیوٹیک کے اشتراک سے اس سال سولہ ہزار نوجوانوں کو نفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف ہنر سکھائے گی۔

انہوں نے کہاکہ اس اقدام کے تحت حکومت نے اگلے دو سال میں دو لاکھ نوجوانوں کو مختلف آئی ٹی ہنر سکھانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

فری لانسرز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت فری لانسرز کو سازگار فضا فراہم کرنے کیلئے ایک مفید ڈھانچہ قائم کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے حکومت نے پاکستان روزگار پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آئی ٹی کی کمپنیوں کو آن لائن فری لانسنگ کے لئے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فری لانسرز کو غیر ملکی کمپنیوں سے بروقت ادائیگیاں یقینی بنانے کیلئے جامع لائحہ عمل وضع کیا جارہاہے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہاکہ حکومت پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ بھی شروع کررہی ہے تاکہ سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کیلئے بڑے غیر ملکی بینکوں اور اداروں کو راغب کیا جاسکے۔