Friday, 29 March 2024, 04:46:45 am
حریت کانفرنس کی مودی حکومت کی حریت رہنمائوں کیخلاف انتقامی کارروائیوں پرتشویش
May 27, 2023

بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے مودی حکومت کی جانب سے حریت رہنمائوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں پرشدید تشویش ظاہر کی ہے ۔

حریت کانفرنس کے ترجمان نے سری نگر میں ایک بیان میں اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی حکومت حریت رہنمائوں پران کے جائز اور منصفانہ حق خودارادیت سے دستبردار ہونے کیلئے دبائو ڈال رہی ہے ۔

ترجمان نے کہاکہ بھارت کے قومی تحقیقاتی ادارے کو دلی منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ غیرقانونی طورپر زیرحراست جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک کو سزائے موت دلائی جاسکے جنہیں گزشتہ سال بھارتی عدالت نے ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل اور ایمنسٹی انٹرنیشنل ہیومن رائٹس واچ اور بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی سمیت دوسری عالمی تنظیموں پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں طویل عرصے سے غیرقانونی طورپر قید حریت رہنمائوں کی رہائی میں اپنا کردارادا کریں۔