Saturday, 13 April 2024, 01:17:23 am
عمر سیف نے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار کو سراہا
January 28, 2024

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے نگران وزیر عمر سیف نے ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار کو سراہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پاکستان سافٹ وئیر ہاوس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملک کی تعمیر و ترقی کے عمل میں آئندہ منتخب حکومت کے لئے نہایت معاون ثابت ہوگی۔عمرسیف نے ٹیلی کام ٹربیونل کے قیام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ٹیلی مواصلات کے شعبے کی مجموعی ترقی میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اداروں کے درمیان تنازعات کے فوری اور موثر حل میں اہم کردار ادا کریگا۔انہوں نے پاکستان میں سستے اور معیاری موبائل فونز کی تیاری کو فروغ دینے کے ذریعے موبائل فونز کی درآمد کم کرنے کے حکومتی عزم کااظہار کیا۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملک میں فائیوجی انٹرنیٹ سروسز رواں سال جولائی اگست میں شروع کی جائیں گی اور تین سومیگاہرٹز سپیکٹرم نیلامی کیلئے پیش کیا جائیگا۔عمرسیف نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر میں دس ہزار ای روزگار مراکز قائم کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے جہاں فری لانسرز اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری منصوبوں کیلئے تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔