Thursday, 27 March 2025, 08:35:21 am
 
غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،ڈار
August 01, 2024

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں ملکی معیشت میں ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے گروپ بیس ملکوں میں شمولیت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے صدر دفتر کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اسحق ڈار نے کہا کہ نئی ضم شدہ پاکستان سٹاک ایکسچینج نے جنوبی ایشیاء کی پہلی اور دنیا کی پانچویں موثر ترین سٹاک ایکسچینج کا درجہ حاصل کیا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تجارت، ادارہ جاتی اصلاحات اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

اسحق ڈار نے کہاکہ دوہزار سترہ میں ہماری حکومت کے دور میں درجہ بندی کے عالمی اداروں کی جانب سے پاکستان کے اقتصادی اشاریوں کو مثبت قرار دیا گیا کیونکہ ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہوا تھا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں براہ راست سرمایہ کاری لانے کیلئے کاروباری سہولت ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا کردار انتہائی اہم ہے۔