Tuesday, 29 April 2025, 03:33:18 pm
 
معاشی استحکام کا ایجنڈا آگے بڑھائیں گے،وزیرخزانہ
August 01, 2024

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ درجہ بندی کے عالمی ادارے فچ کی رپورٹس او ر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں کمی ملک میں بڑے پیمانے پر اقتصادی استحکام کا براہ راست مظہر ہیں۔

وہ آج(جمعرات) اسلام آباد میں سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مرکزی دفتر کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی اقتصادی ٹیم معاشی استحکام کا ایجنڈا آگے بڑھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ایجنڈے میں تسلسل لانا ہوگا کیونکہ استحکام میں تسلسل کا نتیجہ ترقی کی صورت میں نکلتا ہے۔

انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کی توسیعی سہولت یقینی بنانے کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی ضرروت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے پر دستخط کئے جاچکے ہیں اور اب اسے حتمی منظوری کے لئے آئی ایم ایف بورڈ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

اصلاحات کی اہمیت کوا جاگر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر ہم نے اسے آئی ایم ایف کا آخری پروگرام بنانا ہے تو ہمیں ٹیکس اور توانائی کے شعبے سمیت حکومتی ملکیتی اداروں میں ااصلاحات اور نجکاری کے معاملے پر آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی ملکیتی اداروں کے حوالے سے کابینہ کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرکاری شعبے کی تمام بیمہ کمپنیوں کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا۔