پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر بنائی جانے والی اعلیٰ اختیاری کمیٹی سے اسلام آباد میں ملاقات کی، وفد کی قیادت مرکزی چیئرمین عاصم رضا احمد نے کی، ان کے ہمراہ فرخ شہزاد چیئرمین ٹیکس کمیٹی تھے۔ کمیٹی کے اراکین میں وزیرِ مملکت برائے خزانہ علی پرویز، احد چیمہ وفاقی وزیربرائے اقتصادی امور، اعظم نذیر تارڑ وفاقی وزیرِ قانون اورامجدزبیر نواز ٹوانہ چیئرمین ایف بی آر بھی شامل تھے۔
وفد نے کمیٹی کے اراکین کو موجودہ ہڑتال کے اسباب اور ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ اور اس کے انڈسٹری اور عوام پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں اپنا مؤقف بتایا۔کمیٹی کے ارکان نے متفقہ طور وفد کو یقین دہانی کروائی کی مورخہ 22جولائی 2024تک ان مسائل کا مثبت حل نکال لیا جائے گا۔
اعلی حکومتی عہدِ داروں کی مثبت یقین دہانی اور عشرہ محرم الحرام کے تقدس کے احترام کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فلور ملز کی ملک گیر ہڑتال مورخہ 22جولائی2024 تک مؤخر کی جارہی ہے۔ کل سے بروز اتوار سے ملک بھر کی فلور ملز معمول کے مطابق کام کریں گی۔اور مارکیٹ میں گندم کی مصنوعات کی سپلائی کریں گی۔
پاکستان فلور ملز ایسوی ایشن کے عہدِ داروں نے وزیرِ اعظم پاکستان جناب محمد شہباز شریف اور کمیٹی کے اراکین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلی پنجاب اور وزیر خوارک پنجاب کے خصوصی تعاون پر انکی ستائش کی۔