Wednesday, 23 April 2025, 07:26:15 pm
 
شہری شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں،وفاقی وزیر اطلاعات
July 22, 2024

اطلاعات ونشریات کے وزیر عطا اﷲ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت شجر کاری کے مقصد اور فضائی معیار میں بہتری کیلئے پرعزم ہے۔

اسلام آباد میں آج سی ڈی اے کے زیراہتمام شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے معاشرے کے مختلف طبقات پرزوردیا کہ وہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے شجرکاری مہمات میں بھرپورحصہ لیں۔

وزیراطلاعات نے ایک اہم سماجی مقصد کے طورپر شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ٹیلی ویژن چینلز سے درخواست کی کہ وہ شجرکاری کے فروغ کیلئے کچھ ائیر ٹائم مختص کریں۔

عطاء اﷲ تارڑ نے کہا کہ مارگلہ نیشنل پارک اسلام آباد کی شناخت ہے اوراس کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

عطاء اﷲ تارڑ نے کہا کہ ایک ایپ کا بھی آغاز کیا جائے گا جو لوگوں کوان کے لگائے گئے پودوں کی نگرانی کرنے کے قابل بنائے گی۔

موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے وزیراعظم کی مشیر رومینہ خورشید عالم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شجرکاری مہم کو کامیابی سے آگے بڑھانے کیلئے مختلف محکموں کے درمیان مضبوط تعاون پرزوردیا ۔