Wednesday, 02 September 2026, 10:08:22 am
 

مزید خبریں

 
بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی شہید کی پانچویں برسی
September 01, 2026

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے آج بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی شہید کی پانچویں برسی منائی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بزرگ رہنما سید علی گیلانی یکم ستمبر دو ہزار اکیس کو سری نگر میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے تھے، جہاں انہیں ایک دہائی سے زائد عرصے تک مسلسل نظر بند رکھا گیا تھا۔

سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق کشمیر کے تنازع کے حل کے لیے بے مثال کوششیں کیں۔

حریت رہنماؤں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اس سلسلے میں سوپور کے علاقے میں حریت اراکین نے ایک تقریب منعقد کی، جس میں عظیم حریت رہنما کی بے مثال قربانیوں اور ناقابل شکست کردار کو اُجاگر کیا گیا۔

مقررین نے کہا کہ کشمیر کے نصب العین کے لیے شہید رہنما کی زندگی بھر کی جدوجہد کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

اُدھر بھارتی حکام نے سری نگر میں سید علی گیلانی کی قبر کے گرد سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے تاکہ ان کی برسی کے موقع پر لوگ بزرگ رہنما کی قبر پر فاتحہ خوانی نہ کر سکیں۔