Monday, 07 September 2026, 02:47:18 pm
 

مزید خبریں

 
سرمایہ کاری،روزگاراورعوامی اعتماد میں بہتری،ملک میں معاشی اصلاحات کے ثمرات آنا شروع
September 07, 2026

پاکستانی معیشت میں صارفین کے اعتماد اور مثبت معاشی توقعات میں بہتری کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں، جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ ریسرچ کمپنی آئی پی ایس او ایس کے تازہ کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس سروے میں پاکستان کے معاشی اعتماد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سروے کے مطابق پاکستان میں صارفین کے مجموعی اعتماد کا انڈیکس صفر اعشاریہ چار پوائنٹس اضافے سے 33.6 کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

پاکستان کو درست سمت میں گامزن سمجھنے والے افراد کی شرح اگست 2024 کے 11 فیصد کے مقابلے میں بڑھ کر 24 فیصد ہوگئی ہے۔

سروے میں بتایا گیا ہے کہ معاشی بہتری کی امید رکھنے والے افراد کی شرح دو سال قبل 12 فیصد تھی، جو اب تقریبا 23 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ضروری گھریلو اشیا کی معمول کی خریداری کے حوالے سے صارفین کے اطمینان میں بھی تین فیصد اضافہ ہوا اور یہ شرح 10 فیصد ہوگئی۔

گھر یا گاڑی جیسی بڑی خریداری کے لیے صارفین کے اعتماد میں دو فیصد اضافہ ہوا اور یہ سات فیصد تک پہنچ گیا۔

سروے کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد کی شرح 15 فیصد ہے، جو گزشتہ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر مستحکم رہی۔

آئی پی ایس او ایس کے گلوبل کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس میں بھی پاکستان کی معاشی صورتحال، روزگار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔