وزیراعظم شہبازشریف نے دولت مشترکہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص نوجوانوں کو بااختیار بنانے اچھے نظم ونسق اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر کام کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے آج (جمعرات) اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور فنی تربیت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کے نوجوانوں کے پروگرام کے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی انہوں نے آج کی اعلیٰ ٹیکنالوجی کی عالمی معیشت کے دور میں پاکستانی نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے میں مدد دینے کیلئے دولت مشترکہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہبازشریف نے پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی اور جمہوری اداروں کیلئے دولت مشترکہ کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا۔
سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم کے نوجوانوں کے پروگرام کوسراہتے ہوئے کہاکہ اس پروگرام کی وزیراعظم کی طرف سے براہ راست نگرانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدامات کیلئے ان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے سیلاب کے بعد تعمیر نو کی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ عالمی برادری پاکستان کو موسمی صورتحال سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کیلئے مزید تعاون فراہم کریگی۔